اردو ویب سیارہ بلا شبہ اردو بلاگنگ کمیونٹی میں ایک اہم مقام کا حامل ہے اور ہر باقاعدہ لکھنے والا اردو بلاگر اردو ویب سیارہ اور اردو ٹیک وینس میں شمولیت کو بلاگ کے قارئین کی تعداد میں اضافے کے لیے ایک لازمی امر سمجھتا ہے۔ اردو سیارہ میں شمولیت کے لیے چند قوائد کی پابندی ضروری سمجھی جاتی ہے جن کی تفصیل درج ذیل ہے
اردو سیارہ میں شامل ہونے کی کچھ شرائط ہیں
آپ کا بلاگ ہو۔ دوسرے ویب سائٹ سیارہ میں شامل نہیں ہو سکتے۔
آپ اردو میں لکھتے ہوں چاہے کلوقتی نہ سہی۔ اردو تحریری ہو نہ کہ تصویری شکل میں۔
آپ کا بلاگ شروع ہوئے کم از کم دو ماہ کا عرصہ ہو چکا ہو۔
آپ اردو سیارہ کے قوائد و ضوابط مانیں۔
پچھلے کچھ ہفتوں سے دیکھنے میں آرہا ہے کہ اردو سیارہ میں ایسے بلاگز بھی مستقل شائع کیے جارہے ہیں جو کچھ شرائط سے مطابقت نہیں رکھتے۔ مثال کے طور پر بلاگ کا اپنا ہونا شرط ہے جس کی تشریح غالبا یہی ہوگی کہ بلاگ خود لکھا جاتا ہے نہ کہ ادھر ادھر سے تصاویر اور مواد اکھٹا کرکے بلاگ تشکیل دیا جاتا ہے جس کا لازمی نتیجہ بلاگ اسپیم کی صورت میں نکلتا ہے۔ دوئم یہ کہ اردو تحریری ہونا بھی شرط ہے چناچہ ایسے تمام بلاگز جو متواتر تصویری اردو شائع کررہے ہیں وہ بھی سیارہ میں شمولیت کے اہل نہیں ہیں۔ کیونکہ اس طرح کے بلاگ لکھنے کے لیے بہت کم محنت اور قلیل وقت درکار ہوتا اس لیے تھوک کے حساب سے شائع کردیے جاتے ہیں اور اردو بلاگز پر لکھے گئے اصل مواد کو پس منظر میں دھکیل دیتے ہیں جس سے حقیقی اردو بلاگرز کی حق تلفی ہوتی ہے اور بعض اوقات کچھ اچھے مضامین چند گھنٹوں کے اندر اسپیم تلے دب کر سیارہ سے غائب جاتے ہیں یا فہرست میں بہت جلد ہی جنوب کی طرف چلے جاتے ہیں ۔
یہاں کسی خاص بلاگ اور بلاگر کی طرف اشارہ مقصود نہیں بلکہ مقصد صرف یہ جاننا ہے کہ کیا اردو ویب سیارہ کی پالیسی میں تبدیلی کی جاچکی ہے جس کی تفصیل اردو ویب پر شائع نہیں کی گئی یا پھر کسی اور وجہ سے شرائط کی پابندی کرانے میں نرمی برتی جارہی ہے؟ کیونکہ شرائط میں نرمی کی وجہ سے اردو سیارہ پر شائع ہونے والے مواد کے میعار پر بہت برا اثر پڑ رہا ہے اور سیارہ ایک نئے صارف کے لیے اکثر اوقات ایک اسپیم بلاگز اگریگیٹر کا منظر پیش کرتا نظر آتا ہے۔
امید ہے اس سلسلے میں جلد ہی اردو بلاگرز کو تفصیل سے آگاہ کیا جائے گا۔