پس منظر۔
اردو وکی پیڈیا پر اصطلاحات کے حوالے سے خصوصاَ اور استعمال کی جانے والے زبان کے حوالے سے عموماَ مباحثے بلاگز اور دوسرے مختلف فورمز پر ہوتے رہے ہیں۔ حالیہ دنوں میں اردو کے معروف بلاگر ابو شامل نے اپنے بلاگ پر اردو وکی پیڈیا کا عمومی موقف اور اس کے جواب میں اپنا ذاتی نقطہ نظر بیان کیا۔ زیر نظر مضمون میں وکی پیڈیا کے ایک صارف کی حیثیت سے چند گزارشات کا بیان کیا گیا ہے تاکہ اس ضمن میں ہر مکتبہ فکر کے موقف کی ترجمانی ہوسکے۔
مقدمہ۔
اردو وکی پیڈیا میں استعمال کی جانے والی زبان اور غیر مقبول نئی اصطلاحات دراصل وکی پیڈیا کی ترقی میں بڑی رکاوٹ ہیں۔ کسی بھی دوسری پراڈکٹ کی طرح اردو وکی پیڈیا بھی ایک پراڈکٹ ہے جس کی بقا کا ضامن اس کا صارف ہے۔ وکی پیڈیا کو ہم نصابی کتاب یا کسی ادبی شاہکار کا درجہ نہیں دے سکتے بلکہ وکی کا اولین استعمال بطور حوالہ جاتی ماخذ ہی رہے گا اور اگر حوالہ جاتی مضامین کو سمجھنے کے لیے سیکڑوں غیر مستعمل اور نئی اصطلاحات کا سامنا کرنا پڑے اور عام فہم زبان نہ ہونے کی وجہ سے اردو وکی کے صارف متبادل ذرائع جیسے انگریزی وکی پیڈیا پر زیادہ انحصار کریں تو یہ پراڈکٹ کی ترقی میں سب سے بڑی رکاوٹ مانی جائے گی۔
گزارشات۔
مندرجہ بالا پیش کردہ مقدمہ کو سمجھنے کے لیے سب سے پہلے ہم اس چیز کا جائزہ لیتے ہیں کہ وکی پیڈیا دراصل کیاہے اور اس بنیاد پر بحث کو اس سمت لے کر چلتے ہیں جہاں ہم یہ فیصلہ کرسکیں کہ وکی پیڈیا کیا نہیں ہے اور اس کے نتیجے میں درج کیے گئے مقدمہ کو پرکھ سکیں۔
وکی پیڈیا کی تعریف خود وکی پیڈیا میں کچھ اسطرح درج ہے۔
Wikipedia is an online free-content encyclopedia that anyone can edit and contribute to. Wikipedia co-founder Jimmy Wales has described Wikipedia as "an effort to create and distribute a multilingual free encyclopedia of the highest quality to every single person on the planet in his or her own language." Wikipedia exists to bring knowledge to everyone who seeks it.
اس تعریف کی رو سے کسی بھی زبان کے وکی پیڈیا کا اُس مخصوص زبان کے بولنے اور سمجھنے والے عام لوگوں تک پہنچ کا ہونا اس کی کامیابی کے لیے ایک لازمی امر ہے۔ بطور انسائیکلو پیڈیا مصدقہ معلومات کا ایک جامع مجموعہ ہونا لازمی شرط ہے نا کہ غیر مقبول زبان اور تجرباتی اصطلاحات کی نرسری۔
اسی تعریف کی رو سے اگر یہ پرکھا جائے کہ وکی پیڈیا کیا نہیں ہے تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ
۔ وکی پیڈیا اصطلاح ساز نہیں ہے۔
۔ وکی پیڈیا ادب پارہ نہیں ہے۔
یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ اگر وکی پیڈیا اصطلاح سازی اور ادبی میعارات کے حصول کی سمت نکل جائے تو یہ سمت اسے لازمی طور پر عام لوگوں کی پہنچ اور سمجھ سے دور کردے گی اور اردو وکی پیڈیا کو کم و بیش اسی صورت حال کا سامنا ہے جہاں عام زبان دان تو دور کی بات زبان کی اچھی سمجھ رکھنے والوں کے لیے بھی اصطلاحات بالکل نئی اور غیر منطقی معلوم ہوتی ہیں۔ یہ بات بھی غور طلب ہے کہ وکی پیڈیا کا استعمال ہمیشہ بے ترتیب ہوگا اور غیرمستعمل اصطلاحات کے استعمال کی وجہ سے کبھی بھی عام تلاش کیے گئے الفاظ مضامین تک لنک نہ ہوسکیں گے ہاں اگر عام بول چال میں استعمال کی گئی اصطلاحات بھی مضمون کا حصہ ہوں تو علحیدہ بات ہے لیکن اس صورت میں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جب عام اصطلاحات ہی صارف کے استعمال کی زبان ہے تو اردو وکی پیڈیا میں ریختہ کے استعمال پر زور کیوں؟
مقدمہ کو مزید واضح کرنے کے لیے اردو وکی پیڈیا سے کچھ اقتباسات پیش کیے گئے ہیں تاکہ اس بات کو بہتر طور سمجھا جاسکے کہ بطور صارف اردو وکی پیڈیا کس طرح ہماری روز مرہ زندگی میں استعمال ہونے والی زبان سے مکمل منقطع ہے۔ ذیل میں اردو وکی پیڈیا کے مرکزی صفحہ پر موجود چند غیرموجود الفاظ کا حوالہ پیش کیا گیا ہے۔
نا سمجھ میں آنے والی بات ہے کہ کس طرح یہ فرض کر لیا گیا ہے کہ ایسے الفاظ کا استعمال جو عام اردو لغات تک میں درج نہیں کسی طور زبان، وکی پیڈیا اور عام علم کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔چند مثالوں کی مدد سے مسئلے کی اصل تک پہنچنے کی کوشش کی گئی ہے اور کم و بیش تمام تیکنیکی اور سائنسی مضامین میںصورت حال اسی طرحکی ہے۔
نتائج۔
بطور صارف ہمارے لیے اردو وکی پیڈیا میں استعمال کی گئی زبان، غیر معروف اصطلاحات اور کئی حوالوں سے "غیر موجود الفاظ" اس کے استعمال میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔ وکی پیڈیا کی زبان کو سمجھنے کے لیے موضوع سے ہٹ کر زبان دانی کے سیکڑوں مختلف حوالے درکار ہوں تو اسے کیوں کر استعمال کیا جائے۔ اور اس بات کو بھی سمجھنے کی ضرورت ہے کہ صارفین کی ایک بڑی تعداد صارف ہی رہنا چاہتی ہے اور یہ کہنا کہ تمام لوگ خود اسے بہتر کر لیں یا اصلاح کرلیں بذات خود غیر حقیقی ہے کیونکہ بہر حال صارفین کی تعداد ہمیشہ محقیقن اور مترجمین سے زیادہ رہے گی اور اردو وکی کو با مقصد بنانے کی خاطر زبان دانی کو اولین ترجیح بنانے کے بجائے عام زبان کے استعمال کو فوقیت دی جائے۔
اردو وکی پیڈیا سے وابستہ لوگوں کی قابلیت، تجربہ اور نیت بلاشبہ اپنی جگہ قابل تعریف ہے اور مکمل مضمون کا مقصد صرف یہ نقطہ نظر واضح کرنا ہے کہ اتنی سنجیدگی سے کی گئی یہ محنت فارسی برد نہ ہوجائے۔



