آپ نے ٹی وی پر عموما کھانے پکانے کے پروگرام تو دیکھے ہی ہونگے جن میں زیادہ تر کھانوں کی ترکیبیں کوا بریانی کی ترکیبوں سے ملتی جلتی ہیں۔ کوا بریانی بنانے کی ترکیب نہایت آسان ہے۔۔

ایک کلو چاول میں حسب ذائقہ نمک اور بریانی مصالحہ ملا کر چھت پر چھڑک دیجیے۔
کوا کیونکہ سیانا پرندہ ہے لہذا چاول اور بریانی مصالحہ،  مناسب مقدار میں چن چن کر کھانے آپ کی چھت پر آجائے گا۔ اس بات کا خیال رہے کے کوئل کووں میں چھپ چھپا کر بریانی کو بد ذائقہ کرنے نا آسکے۔
جب کوا حسب توفیق چاول کھا چکے تو پیچھے سے دبے پاؤں آن کے اسکو دبوچ لیں اور جھٹ حلال کرکے پہلے سے گرم کیے ہوئے پانی میں ڈال دیں۔ آدھے گھنٹے تک چولہا جلا کے اور کھڑکیاں دروازے بند کرکے انتظار کریں تاکہ کووں کا جم غفیر گمشدہ کوے کی بازیابی سے مایوس ہو کر اپنے اپنے گھونسلوں میں واپس چلا جائے۔

لیجیے صاحب کوا بریانی تیار ہے۔۔

یہ کھانا پکانے کی ماسٹر ترکیب ہے اور آج کل ججز کی بحالی اور ملک کی موجودہ صورت حال کے لیے بھی استعمال کی جارہی ہے۔ تھوڑا بہت اختلاف صرف اس بات پر ہے کے کوا حلال ہے یا حرام۔ زرداری صاحب کا کہنا ہے کے جو کوا ٹھونگ مارتا ہے وہ حرام ہے اور نواز شریف صاحب کا کہنا ہے کہ کیونکہ میں نے بال لگوا لیے ہیں چناچہ کوے کی ٹھونگ کا اثر براہ راست میرے سر پر نہیں پڑنے والا۔ سیلیکشن ہار سیاہ ست دانوں کا خیال ہے کے دو نومبر سے پہلے والے کووں کی بریانی حلال مانی جائے گی لیکن ابھی چھت پر منڈلانے والے کسی کوے کی بریانی حلال نہیں مانی جائے گی۔ مولانا صاحب کا کہنا ہے کے کوئی بھی ایسی  بریانی جو انہیں کسی طرح دوبارہ پاور گیم میں لے آئے اس بریانی پر نیاز وہ خود دیں گے اور مولانا صاحب کے لیے حرام کو حلال کرنا کونسا بڑا مسئلہ ہے۔

بہر حال ہمارا کام تو آپ کو کوا بریانی کی ترکیب بتانا اور اس کے ثانوی استعمال سے آگاہ کرنا تھا اب یہ آپ کا اپنا فیصلہ ہے کے پہلے بغداد جلنے سے بچا لیں یا کوے کے حلال و حرام کا تعین کرلیں۔۔