دیکھیے یہ جنسی برابری، زبان، رنگ، مذہب اور نسل کی ثانوی حیثیت؛ کردار و تقوی سے انسان کی پہچان بڑی رومانوی باتیں ہیں لیکن ہم ٹہرے ان اصولوں کے ٹھیکیدار اور بطور ٹھیکیدار ہمارا کام ان اصولوں پر عمل کرنا نہیں بلکہ آپ کی زندگی میں ان کا اطلاق یقینی بنانا ہے۔ مقدس دائرے میں لوگوں کی شمولیت و اخراج، روشن خیالی کے درجات کا نفاذ، جمہور کے انتہائی ذاتی نظریات کی حقیقی اور درست تشریح اور ان کو راہ راست پر لانا ہماری اولین ذمہ داریاں ہیں۔ ایسی کٹھن ذمہ داری اور دوسروں کے لیے وقف ہماری زندگی؛ بھلا بتائیے ہمارے پاس ٹھیکیداری کے فرائض انجام دینے کے بعد وقت ہی کہاں بچتا ہے جو اپنی ذات پر توجہ کریں؟ آپ کو تو ہمارا شکر گزار ہونا چاہیے؛ ناشکرے۔