اچھے دنوں میں کبھی ہم نے بڑی تگڑی قسم کی ہوسٹنگ خرید لی تھی لیکن اس بار سوا دو سو ڈالر کا تقاضا ہمیں کچھ اچھا نہیں لگا۔ خیر جناب اپنے پرووائڈر جس سے ہم کافی مطمئن تھے انہیںہم نے درخواست کی کے ہماری ہوسٹنگ کو ریسیشن کے حساب سے تھوڑا ڈاؤن گریڈ کردیں تاکہ ہمارا بل آدھا ہوسکے لیکن صاحب انہوں نے نا معلوم کیوں ایسا کرنے سے انکار کردیا۔ پہلے تو ہم نے آن لائن موجود سیلز پرسن کو انجیلینو انگریزی میں با نقط سنائیں پھر فوری طور پر اپنی ہوسٹنگ کو منتقل کرنے کا پلان بنایا اور پھر آخر کار کلاوڈاسپیس کے استعمال کا فیصلہ کیا اور سلائس ہوسٹ پر 20 ڈالر ماہانہ کی بنیاد پر اپنی ذاتی لینکس کی ورچوئل مشین حاصل کرلی۔
اس سستی ترین ورچوئل مشین میں واحد لمٹ ڈسک اسپیس اور بینڈ وتھ کی ہے لیکن 10جی بی اسپیس اور 100 جی بی بینڈوتھ ہمارے ذاتی استعمال کے لیے بہت ہے اور جبکہ ای میل کے لیے ہم گوگل کی مفت سروس گوگل ایپ استعمال کر رہے ہیں تو پھر بلاگز رکھنے کے لیے اپنا ذاتی سرور جس کا مکمل کنٹرول آپ کے اپنے ہاتھ میں ہو اس کے تو کیا ہی کہنے۔ سلائس ہوسٹ کی سب سے اچھی بات اس کا سادہ انٹرفیس ہے جس کی مدد سے آپ جب چاہیں اپنی مشین کو ری بوٹ کرسکتے ہیں اور جب چاہیں پوری کی پوری مشین دیوار پر دے ماریںاور ایک نئی ڈسٹرو کی انسٹالیشن کے ساتھ سلائس ری فریش کر لیں۔ اور اس تمام عمل کا کل وقت پانچ منٹ سے بھی کم ہے۔ فیڈورا، اوبنٹو، سینٹوس سبھی استعمال کرنے کے بعد آخر کار ڈیبین کے استعمال کا فیصلہ ہوا اور پھر مائ سیکوئل اور اپاچی کی انسٹالیشن کے ساتھ ہی ہماری ساری سائٹس آئن لائن ہوگئیں اور اب ہم اپنی مرضی سے جب چاہیں جو چاہیں تبدیل کرلیں۔ اور ہاں سلائس ہوسٹپر کسی قسم کا کوئی لمبا چوڑا کانٹریکٹ نہیں ہے۔ ماہانہ بنیادوں پر ادائیگی اور جب چاہیں سروس منقطع کرلیں۔ یہ ان لوگوں کے لیے تو انتہائی مفید ہے جنہیں تجربہ کے طور پر انٹرنیٹ سرورز انسٹال کرنے ہیںیا پروف آف کانسیپٹ اپنے کلائنٹس کو دکھانا ہے۔ ہمارے لیے یہ اچھا تجربہ ہے اور ہم نے کچھ دوسرے بلاگرز کی سائٹ بھی اپنے پاس ہی ہوسٹ کر لی ہے۔ اور امیدہے کہ اب بغیر کسی تعطل کے یہ سروس چلتی رہے گی ورنہ ہمیںپانچ ڈالر کی مزید ادائیگی کرکے ایک بیک اپ بھی بنوانا پڑے گا تاکہ کسی بھی 12 مئی سے نمٹا جاسکے۔