ایپل نے پچھلے دنوں اپنی مشہور ترین پراڈکٹ آئی فون کا چوتھا ورژن متعارف کروایا جو چودہ جون سے پری آڈر کے لیے دستیاب ہوں گے اور چوبیس جون سے عام استعمال کے لیے مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے۔ گوگل اینڈروائد میں روز بروز آتی بہتری اور انواع و اقسام کے اینڈروائڈ پاورڈ فونز کی موجودگی میں موبائل مارکیٹ میں ایپل کو اپنی ساکھ برقرار رکھنے کے لیے نئے آئی فون سے خاصی توقعات وابستہ ہیں۔ ذیل میں آئی فون فور کا ایک جائزہ پیش کیا گیا ہے اور ساتھ ساتھ ایس ڈی کے میں شامل ورچوئل فون سے حاصل شدہ کچھ اسکرین شاٹس کی مدد سے اہم خوبیوں کو اجاگر کیا گیا ہے۔

ائی فون فور کی مکمل تفصیلات یہاں سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔ چیدہ چیدہ خصوصیات کچھ اسطرح سے سے ہیں
1۔ ایپل اے فور پراسیسر (وہی پراسیسر جو آئی پیڈ میں استعمال کیا گیا)
2۔ سولہ اور بتیس جی بھی ماڈل
3۔ نوسوساٹھ بائی چھ سو چالیس اسکرین ریزولوشن۔ تین اعشاریہ پانچ انچ اسکرین سائز
4۔ 326 ڈی پی آئی ریٹینا ڈسپلے (یعنی آئی پیڈ کی 70 فیصد ریزولوشن صرف تین اعشاریہ پانچ انچ ڈسپلے میں)
5۔ 800 ازٹو 1 کنٹراسٹ ریشو (کالا اب اور بھی کالا)
6۔ وائی فائی اور تھری جی (آئی فون فور ۔۔ فور جی نہیں ہے)
7۔ 7 سے 10 گھنٹے بیٹری (آئی پیڈ کے استعمال کے بعد اس پر یقین کیا جاسکتا ہے)
8۔ پانچ میگا پکسل کا ہائی ڈیف (ایچ ڈی) کیمرہ اور ویڈیو کال کے لیے وی جی اے فرنٹ کیمرہ۔ (یوایس میں ویڈیو کال صرف وائی فائی پر دستیاب ہے)
9۔ سیاہ اور سفید رنگ میں دستیاب (سفید اب مکمل سفید ہے یعنی سامنے سے بھی)

یوں تو اس بار مسٹر جابز کے کی نوٹس سے پہلے ہی ڈرامائی انداز میں ائی فون 4 کی تفصیلات منظر عام پر آچکی تھیں لیکن اس کے باوجود اگر صرف اس کے ڈسپلے پر غور کیا جائے تو یہ ایک بہت عمدہ ڈسپلے ہے اور شاید نئے آئی فون کا واحد واؤ فیکٹر۔ اس کا اندازہ مندرجہ ذیل تصاویر سے کیا جاسکتا ہے۔

تین سو بیس ڈی پی آئی کا جادو۔

اردو سیارہ کا پرانے اور نئے فون میں موازنہ

ڈیزائن بہت ہی عمدہ ہے اور ایپل کو فی الحال اس میدان میں کسی طرف سے کسی خاص چیلنج کا کوئی سامنا نہیں لیکن تیکنیکی سطح پر اب کئی فونز آئی فون کی برتری کو چیلنچ کرنے کے لیے موجود ہیں‌۔ کیونکہ آئی فون او ایس فور کے ساتھ ہی مارکیٹ میں آئے گا تو ملٹی ٹاسکنگ اور اسطرح کی عام شکایات کا ازالہ تو ہوجائے گا لیکن ساتھ ساتھ ائی فون پر نیٹ فلکس اور ایپل بک اسٹور کی آمد بھی متوقع ہے۔ جن لوگوں نے آئی پیڈ پر کتاب پڑھنے کا لطف اٹھایا ہے وہ سمجھ سکتے ہیں کہ یہ ایپ کتنی اہم  ثابت ہوسکتی ہے۔

دو سال کے کانٹریکٹ کے ساتھ 199 اور 299 ڈالر میں دستیاب آئی فون کی قیمت تو اس بار کچھ حد تک مناسب کہی‌ جاسکتی ہے لیکن ایک خریدیں اور ایک مفت اینڈروائڈ مارکیٹ کے آگے ایپل کس طرح بند بناتا ہے یہ دیکھنے کے لیے پڑھتے رہیے یہی بلاگ :)