اردو بلاگز میں سرچ میرے لیے ہمشہ سے درد سر رہی ہے کیونکہ گوگل کی عموی سرچ کا استعمال کرنے کے لیے ہمیشہ مجھے سرچ کا ریفرنس مینوئل کھولنا پڑتا ہے اور پھر کسی ایک موضوع پر مختلف بلاگرز کی رائے جاننے کے لیے کافی وقت صرف کرنا پڑتا ہے۔ لیکن ہر گزرنے والے دن کے ساتھ گوگل اپنی سروسز میں حیرت انگریز چیزوں اضافہ کرتا جا رہا ہے اور ان ہی میں سے ایک بہترین ٹول گوگل کسٹم سرچ بھی ہے ۔
گوگل کسٹم سرچ دراصل آپ کا اپنا سرچ انجن ہے جس میں ڈیٹا کے ماخذ آپ خود طے کرتے ہیں اور پھر گوگل کے ذہین ویب کرالر انکی کرچیاں کرچیاں کرکے انہیں اپنے ڈیٹا بیس میں محفوظ کرلیتے ہیں جنہیں آپ گوگل ہی کے فراہم کردہ کوڈ کی مدد سے جب چاہیں تلاش کرسکتے ہیں اور مزے کی بات یہ کے گوگل سرچ کے تمام بنیادی قاعدوں کا اطلاق بھی ان پر ہوتا ہے اور یہ تمام سہولیات آپ کو بلا معاوضہ دستیاب ہیں۔ یعنی چپڑی اور وہ بھی دو دو۔
گوگل کسٹم سرچ انجن کو استعمال کرکے میں نے “اردو بلاگ سرچ“ کی بنیاد رکھ دی ہے۔ یہ خالصتا اردو بلاگز میں تلاش کا کام انجام دے گا۔ تمام بلاگرز کی ویب سائٹس جو پہلے ہی اردو سیارہ کے رکن ہیں اس سرچ انجن میں موجود ہیں اور اردو اوپن پیڈ کو استعمال کرکے اس میں براہ راست اردو ٹائپ کرنے کی سہولت بھی میں نے کسی نہ کسی طرح رکھ دی ہے۔ اور نتیجہ آپ کے سامنے ہے۔ اگر آپ چاہیں تو اس کو اپنے بلاگ میں اپنے بلاگ کے مضامین کی تلاش کے لیے بھی استعمال کرسکتے ہیں اور چاہیں تو اپنے بلاگ کے لیے گول کسٹم سرچ پر جا کر ایک سرچ انجن تخلیق کر لیں۔
اب تھوڑی سی بات بہتر سرچ نتائج حاصل کرنے کے حوالے سے۔ یہ تو سب ہی جانتے ہیں کے اپنی سرچ میں ذرا سی تبدیلی سے ہم بہترین نتائج حاصل کرسکتے ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ لال مسجد اور مسلم لیگ ق کے حوالے سے لکھی گئی تحریروں کو تلاش کرنا چاہتے ہیں تو آپ سادہ سی سرچ “لال مسجد مسلم لیگ ق“ لکھ کر تمام بلاگز میں تلاش کرسکتے ہیں۔ لیکن اگر آپ یہ جاننا چاہتے ہیں کے اس موضوع پر میرا پاکستان کے افضل صاحب کی کیا رائے تھی تو آپ کی سرچ کچھ اس طرح ہوسکتی ہے “لال مسجد site: mypakistan “ اس طرح کی سرچ سے آپ کو صرف میرا پاکستان کی ویب سائٹ کے نتائج دکھائے جائیں گے۔ گوگل سرچ کے بنیادی قوانین سے شدھ بدھ کے لیے اس ریفرنس کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
گوگل کو ابھی تک اردو سمجھنے میں دشواری ہے اور اردو کے عمومی لفظ جیسے “کا، کے ، کی “وغیرہ بھی سرچ میں شامل کرلیے جاتے ہیں اور غلط الفاظ کی نشاندہی کے لیے بھی کوئی نظام نہیں ہے۔ کیونکہ سرچ کے نتائج آئی فریم میں دکھائے جاتے ہیں لہذا انکے فانٹس یا سی ایس ایس کو تبدیل کرنا سادہ پروگرامنگ سے ممکن نہیں اور اسکے لیے گوگل ایجکس اے پی آئی استعمال کرنی پڑے گی جس کے لیے تھوڑا مزید وقت درکار ہوگا۔ اسکے علاوہ کافی اردو بلاگرز کی ویب سائٹس پر اردو زبان کی نشاندہی کا کوڈ موجود نہیں ہے اسکا بھی ورڈ پریس کے ہیڈر میں اضافہ کرلیں تاکہ جب بھی اردو زبان کو سمجھنے والا کوئی بھی ویب کرالر آپ کے بلاگ کو کھنگالے تو زبان کے بینادی قوانین کا اطلاق کرسکے۔
نتائج، آراء اور تجاویز ہمشہ کی طرح میری رہنمائی کریں گی جب بھی ممکن ہو اپنے تجربے سے آگاہ ضرور کریں اور اگر کسی اس سے بہتر دستیاب سہولت کو علم ہو تو ضرور آگاہ کریں۔