قارئین آج ہم آپ کو کانسپریسی پکوڑے بنانا سکھائیںگے جو آپ فوری طور پر کسی بھی قسم کے حالات میں ہر جگہ بنا سکتے ہیں۔ ویسے تو اس میدان میں جعفر کی با تاج بادشاہی ہے لیکن ایک آدھی ترکیب جو ابھی ابھی نازل ہوئی ہے صرف بہبود عامہ کے لیے شائع کررہے ہیں اور پہلے سے موجود ڈھابوں کو ڈھانے کا کسی صورت کوئی ارادہ نہیں۔
تو اجزاء نوٹ کرلیں
دو عدد یہودی۔ دنیا کے سارے یہودیوں کا تعلق اسرائیل سے ہوتا ہے اس لیے آپ کو برانڈڈ یہودیوں پر پیسے ضائع کرنے ضرورت نہیں
ایک خفیہ تنظیم۔ اگر پرسرار سے نام کے ساتھ ملے تو اچھا ہے اور اسکا اردو ترجمہ بھی سنسنی خیز ہو تو پکوڑوں کی لذت دوبالا ہوجائے گی۔
حسب موقع ڈالرز۔ کم از کم ایک بلین
نامعلوم گواہان۔ گواہان آپ کسی بھی عمر اور قوم کے لا سکتے ہیں؛ آج کل تو اچھے خاصے گواہان کرائے پر بھی دستیاب ہیں جن کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔
ایک عدد اردو اخبار۔ پکوڑے رکھنے کے لیے یہ بہت ضروری ہے سارا تیل جذب کرلیتا ہے اور پکوڑے کھانے والوں کے ہاتھ اور کپڑے بھی خراب نہیںہوتے۔
جلتی کا تیل۔ کالم نگاروں کا جلتی کا تیل بہت مشہور ہے لیکن آپ بلاگروں کا بھی استعمال کرسکتے ہیں۔
سنسنی خیز میوزک۔ اگر مذہبی جنگوں کا میوزک مل سکے تو اچھا ہے ورنہ فلمی میوزک سے بھی کام چل سکتا ہے لیکن سنسنی خیز ہونا ضروری ہے۔
ترکیب۔
یہودیوں کو اچھی طرح پھلا کر خفیہ تنظیم کے ساتھ مکس کرلیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ اگر یہودی چھوٹے سائز کے ہوں تو بھی اگر آپ مستقل مرچ مسالا لگا کر رکھیں تو ایک وقت آنے پر وہ اچھے خاصے پھولے ہوئے دکھائی دینے لگیں گے۔ اگر مناسب سائز کے یہودی دستیاب نا ہوں تو آپ دو عدد غیر ملکی گورے عیسائیوں کو بھی تنظیم کے ساتھ ملا سکتے ہیںلیکن اس کا ذائقہ تھوڑا مختلف ہوسکتا ہے۔
اب اس مکسچر میں مقامی حکومت چپکے سے ملا کر اوپر سے ڈالر ڈالنا شروع کریں۔ یہ خیال رکھیں کہ ڈالر صرف مقامی حکومت کے ساتھ مکس ہوں اور نا معلوم گواہان پر ان کا کوئی چھینٹا نا پڑے۔
جب یہ آمیزہ تیز آنچ پر مکمل طور پر ابلنے لگے تو اس میں نا معلوم گواہان کے بیانات ڈالنا شروع کریں ساتھ ساتھ سنسنی خیز میوزک بھی ملاتے رہیں اس سے آمیزہ گاڑھا ہونا شروع ہوجائے گا۔
جب آمیزہ مکمل گاڑھا ہوجائے اور مزید بیانات ڈالنا ممکن نا ہوتو تھوڑا ٹھنڈا ہونے پر چھوٹے چھوٹے پکوڑے بنا کر اردو اخبار میں رکھنا شروع کردیں۔ اور ساتھ ساتھ اوپر سے جلتی کا تیل ڈالتے رہیں۔ جلتی کا تیل ڈالنے کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ آپ کو پکوڑوں کو تیل میں نہیں ڈالنا پڑتا بلکہ تیل اوپر سے ڈال کر ہی تلا جاسکتا ہے۔
لیجیے جناب مزیدار کانسپریسی پکوڑے تیار ہیں۔ آپ اس پر موساد کا نمک لگا کر بھی کھاسکتے ہیں؛ یا غیر ملکی ہاتھوں کے کیچپ کے ساتھ پیش کرسکتے ہیں۔ وقتا فوقتا جلتی کا تیل ڈالتے رہیں تو ان کی خستگی دیر تک برقرار رہے گی۔