میرا پاکستان کے افضل صاحب نے انٹرنیٹ‌کے حوالے سے اپنے کچھ خیالات بلاگبند کیے تھے اور دوسرے بلاگرز کو اس سلسلے میں ٹیگ کیا تھا کہ کیا انٹر نیٹ ان کی زندگی میں کس بھی قسم کی مثبت یا منفی تبدیلیاں لارہا ہے یا نہیں۔ براہ راست سوالات کے جوابات یہاں درج ہیں۔

انٹرنیٹ پر آپ روزانہ کتنا وقت صرف کرتے ہیں؟ کام کے دنوں میں کم از کم بارہ گھنٹے جس میں کام کا دورانیہ بھی شامل ہے۔ انٹرنیٹ آپ کے رہن سہن میں کیا تبدیلی لایا ہے؟ بہت زیادہ۔ زندگی میں سہولیات بڑھ گئی ہیں۔ رابطہ رکھنے کے طریقہ کار بدل گئے ہیں اور اب کئی لوگوں کی ہاتھ کی لکھائی سے واقفیت نہیں‌ رہی؛ بلکہ ہاتھ کی لکھائی پڑھنا ایک دشوار کام بن گیا ہے۔ خریدوفروخت کے طریقہ کار میں تبدیلی آگئی ہے اور کتاب پڑھنے کا پورا ماڈل بھی کافی تبدیلی ہوگیا ہے۔ یعنی گھر کے اندر اور باہر کی پوری دنیا سے میل جول اور روابط رکھنے کے طریقہ کار میں تبدیلی آئی ہے لیکن اس کا سب مثبت پہلو یہ ہے کہ ایک بہت ہی اچھی آن لائن کمیونٹی سے تعارف ہوا ہے جو بغیر انٹرنیٹ کسی صورت ممکن نا تھا۔ یہ البتہ شخص پر منحصر ہے کہ وہ سہولت کا استعمال کس طرح‌کرتا ہے۔ کیا انٹرنیٹ نے آپ کی سوشل یا فیملی لائف کو متاثر کیا ہے اور کس طرح؟ فی الحال اتنا زیادہ نہیں؛ لیکن کبھی کبھار اوقات کار مناسب طریقے سے ترتیب نا دینے یا ذاتی پراجیکٹس پر گھر میں کام کرنے کے سبب ہر شریف آدمی کی طرح‌ سرزنش ہوجاتی ہے۔ اس علت سے جان چھڑانے کی کبھی کوشش کی اور کیسے؟ ذاتی طور پر میں انٹرنیٹ کو لت نہیں سمجھتا بلکہ سہولیات کے غیر مناسب استعمال کے سبب مختلف چیزوں کی عادتیں پڑ جاتی ہیں وہ لتیں ہیں۔ مثلا غیر مفید چاٹ رومز میں وقت برباد کرنا، فرضی شناخت سے لوگوں کے جذبات مجروح کرنا یا بے وقت آن لائن یا آف لائن گیمز جیسی لتیں‌ لوگوں کو پہلے بھی تھیں  اب اس کا دائرہ انٹرنیٹ تک وسیع ہوگیا۔ کیا انٹرنیٹ آپ کی آؤٹ ڈور کھیلوں میں رکاوٹ بن چکا ہے؟ چند مہینوں سے اس میں مستقل اضافہ ہونا شروع ہوا ہے؛ شاید انٹرنیٹ پر گیمز کھیلنے والے آؤٹ ڈور کھیلوں سے بھاگتے ہیں؛ یہ بہر حال بہت ذاتی تجربہ ہے۔ میں چاہوں گا کہ افتخار اجمل بھوپال، ابوشامل، جعفر، خرم بھٹی، بدتمیز صاحب کی نظروں سے یہ تحریر گزرے تو اپنے تجربات سے آگاہ کریں۔ ساتھ ساتھ جاوید احمد گوندل صاحب گو کہ باقاعدہ بلاگر نہیں‌ ہیں اگر چاہیں تو اپنے تجربات کسی بھی بلاگ کے تبصروں میں بیان کریں۔