آپ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کی شان میں ایک پوسٹ‌لکھیے، طالبان کے امیر ملا عمر کی سوانح عمری تحریر کریں یا پھر پاکستان اور پاکستانیوں‌ کی ایسی تیسی کریں یا پھر مذہب، عورتوں‌ اور مردوں کے بارے میں کچھ لکھ بھیجیے۔ غالب امکان ہے کہ آپ کی سائٹس پر تبصروں کی بھرمار ہوجائے گی۔ لاحاصل بحث‌کا ایک طویل سلسلہ شروع ہوجائے گا، سائٹ میٹرز کو اپنے سرورز اپ گریڈ کرنے پڑیں‌گے اور ایسا معلوم ہوگا جیسے پوری دنیا میں اردو بلاگنگ کمیونٹی سے زیادہ متحرک اور کوئی کمیونٹی نہیں۔

کفرو الحاد کے فتووں سے ماورا جب منظر نامہ پر بحث برائے نتائج کے لیے کسی موضوع پر اظہار خیال کی دعوت دی جاتی ہے تو اردو بلاگنگ کمیونٹی کو سانپ سونگھ جاتا ہے۔ الفاظ کا کال پڑ جاتا ہے، اور اردو بلاگستان گھوسٹ ٹاؤن کا منظر پیش کرنے لگتا ہے کہ جیسے اگر کسی نے اپنے بلاگ سے باہر کسی کمیونٹی بلاگ پر کچھ لکھنے کی کوشش کی تو اسکا بلاگ پتھر کا ہوجائے گا۔ خواتین و حضرات اپنی اپنی ڈیڑھ اینٹ کی مسجد سے باہر نکلیے موضوعاتی بلاگنگ کو فروغ دیں اور اردو بلاگنگ کمیونٹی کے واحد منظم بلاگ منظر نامہ پر بلاگنگ کے لیے وقت نکالیے تاکہ اردو بلاگنگ کو آگے بڑھایا جائے اور اس بات کا جواب دیا جائے کے مسئلہ اردو کا نہیں مسئلہ اردو بولنے، لکھنے اور پڑھنے والوں کے رویوں‌کا ہے۔ ہوسکتا ہے آپ کو میری بات سے اختلاف ہو۔ چلیے کم از کم اپنے اختلاف کا تو اظہار کریں۔